صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اسپورٹس سٹی کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وائس چیئرمین اسپورٹس ملک سلیمان، سیکریٹری اسپورٹس فضل الرحمان، ڈی جی اسپورٹس محمد طارق قریشی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نیسپاک (NESPAK) حکام نے اسپورٹس سٹی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں آؤٹ ڈور اور ان ڈور گیمز کی سہولیات کا احاطہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے نیسپاک کو منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے تمام پہلوؤں پر جامع پلاننگ کی ہدایت کی۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ہدایت کی کہ اسپورٹس سٹی کو عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور آنے والی نسلوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایات جاری کیں کہ اسپورٹس سٹی میں پارکنگ کی سہولت انڈر گراؤنڈ رکھی جائے، کھلاڑیوں کے لیے 5 ہزار افراد کی گنجائش پر مشتمل جدید ہاسٹل تعمیر کیا جائے، اور روایتی شیڈز کے بجائے سولر پینلز نصب کرکے گرین انرجی کو فروغ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسپورٹس سٹی پنجاب میں کھیلوں، تفریح اور سیاحت کے فروغ کا نیا باب رقم کرے گی۔
منصوبے کے تحت اسپورٹس سٹی کو بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس اور تفریحی مرکز بنایا جائے گا، جس میں بچوں کی تفریح کے لیے جدید انٹرٹینمنٹ سٹی، جوائے لینڈ، فیملیز کے لیے خوبصورت سیرگاہیں اور واکنگ ایریاز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید جوگنگ ٹریک بھی اسپورٹس سٹی کا حصہ ہوگا۔ کھیلوں کی سہولیات کے حوالے سے فٹبال، ہاکی، کرکٹ، ایتھلیٹکس اور دیگر آؤٹ ڈور کھیلوں کے لیے جدید میدان قائم کیے جائیں گے جبکہ باسکٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن، اسکواش اور دیگر اِن ڈور گیمز کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔