ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں جاری انڈر 18 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
29 مئی سے 6 جون تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کے ایک انتہائی دلچسپ اور اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 2-5 سے شکست دے دی۔ اب پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ 5 جون کو اپنے روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
بنگلادیش کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے کھیل کے آغاز میں ہی تیسرے منٹ میں عبداللہ نے پہلا گول داغا، جنہوں نے مجموعی طور پر دو گول اسکور کیے۔ ان کے علاوہ عدیل، آسام اور یحییٰ نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان کے محمد یحییٰ کو بہترین کھیل پیش کرنے پر 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔
دوسری جانب بنگلادیش کی طرف سے تیرک اسلام اور منا اسلام ہی گول اسکور کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ میچ کے دوران پاکستانی فارورڈز نے گول کرنے کے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جبکہ مڈ فیلڈ اور ڈیفنس لائن نے بھی کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹرافی جیتنے کے لیے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔ قومی ہیروز کو اس ایونٹ میں الاسکا بیٹری اور پی ٹی سی ایل کا تعاون حاصل ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹیم کے ڈسپلن، عزم اور کھیل کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جو عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جونیئر ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی ایک سنگ میل ہے جس سے ملک میں جونیئر ہاکی کے فروغ کو مزید حوصلہ ملے گا، اور اب قومی ٹیم کا ہدف اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل اور چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنا ہے۔