میری ٹائم حکام نے کہا ہے کہ کراچی میں ہچیسن پورٹس ٹرمینل مزید 4 ہزار ٹرانس شپمنٹ کارگو یونٹس سنبھالنے کی صلاحیت حاصل کرلے گا، جس کے بعد مجموعی گنجائش 14 ہزار 300 سے تجاوز کرجائے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے بندرگاہی سرگرمیوں میں اضافہ، تجارتی عمل میں بہتری اور ملکی لاجسٹکس شعبے کو مزید سہولت میسر آئے گی۔
دوسری جانب گوادر پورٹ کو علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے زیادہ پرکشش بنانے کے مقصد سے مختلف چارجز میں نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں برتھنگ فیس میں 25 فیصد، بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ کارگو چارجز میں 40 فیصد جبکہ ٹرانزٹ کارگو چارجز میں 31 فیصد کمی کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ان مراعات سے گوادر پورٹ کی مسابقتی حیثیت مضبوط ہوگی اور بندرگاہ کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے امکانات پیدا ہوں گے، جس سے پاکستان کے بحری اور تجارتی شعبے کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔