وزیر خزانہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں انسانی ترقی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ورلڈ بینک کے وفد کی قیادت مامتا مورتھی نے کی۔ ملاقات میں صحت، تعلیم، ہنرمندی، سماجی تحفظ اور روزگار کے مواقع میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ہنرمندی کے فروغ کو اپنی معاشی حکمت عملی کا اہم جزو سمجھتی ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت سے مہارتوں کے فروغ کے پروگراموں کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔

ملاقات کے دوران ورلڈ بینک نے بچوں میں غذائی کمی اور نشوونما میں رکاوٹ (اسٹنٹنگ) کی شرح کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ معیاری صحت اور تعلیم تک رسائی بہتر بنانے، سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور انسانی ترقی کے اشاریوں میں بہتری کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

فریقین نے مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فورم میں شرکت کی دعوت دی، جبکہ دونوں جانب سے صحت، تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US