وفاقی وزیر بحری امور کی پاک-سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے ساتھ آن لائن اجلاس میں شرکت

image

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاک-سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے ساتھ آن لائن اجلاس میں شرکت کی، جس میں پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان کا بحری شعبہ سعودی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، جبکہ بندرگاہوں، لاجسٹکس اور بلیو اکانومی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ سمیت ملک کی تمام بڑی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیر بحری امور کے مطابق کراچی پورٹ پر میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہے، جبکہ پورٹ قاسم میں کثیرالمقاصد کارگو ٹرمینل کے قیام کے امکانات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انرجی سٹی منصوبہ بھی سعودی سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش مواقع فراہم کرسکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے بیڑے میں توسیع کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کو شراکت داری کی دعوت دی اور کورنگی فش ہاربر میں ایکوا ریسرچ پارک کے قیام کی پیشکش بھی کی۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے اقتصادی اور تزویراتی تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ بحری شعبے میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی جہت فراہم کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US