سعودیہ میں ایک صدی سے زائد عرصہ بعد پیدا ہونے والے نایاب اونیگر کی زندگی کا پہلا سال مکمل

image

سعودی عرب نے جنگلی حیات کے تحفظ کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ملک میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ نایاب اونیگر (جنگلی گدھے کی ایک نسل) کی پیدائش ریکارڈ کی ہے۔

یہ اہم اور خوش آئند پیش رفت پرنس محمد بن سلمان رائل ریزرو میں سامنے آئی، جہاں عربیئن ری وائلڈنگ (قدرتی ماحول میں دوبارہ آبادکاری) پروگرام کے تحت جون 2025 میں ایک نر اونیگر پیدا ہوا تھا، جو اب اپنی زندگی کا انتہائی اہم پہلا سال کامیابی سے مکمل کرچکا ہے۔ ریزرو انتظامیہ اس کامیابی کو تحفظِ حیات کی کوششوں میں ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں جنگلی اونیگرز کی مجموعی تعداد 600 سے بھی کم رہ گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ نسل عالمی سطح پر معدومیت کے شدید خطرے سے دوچار ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر ریزرو حکام کا کہنا ہے کہ رواں موسمِ سرما کے دوران مزید دو بچوں کی پیدائش متوقع ہے، جبکہ اس نایاب جانور کی افزائشِ نسل کے پروگرام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ جینیاتی تنوع میں اضافہ کر کے اس کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

سعودی عرب میں اس کی کامیاب افزائش نہ صرف مقامی حیاتیاتی تنوع کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ عالمی سطح پر جنگلی حیات کو بچانے کی کوششوں کے لیے بھی ایک امید افزا خبر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US