ایشین گریپلنگ چیمپئن شپ: حسن علی بھولا نے سلور میڈل جیت لیا

image

ایشین گریپلنگ چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کر لیا نوجوان ریسلر حسن علی بھولا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کے ابھرتے ہوئے ریسلر حسن علی بھولا نے 70 کلوگرام کیٹیگری میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں فلپائن کے ریسلر کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی جبکہ سیمی فائنل میں قازقستان کے پہلوان کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

فائنل مقابلے میں سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد حسن علی بھولا نے سلور میڈل حاصل کیا جو ان کی شاندار فارم اور صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ یہ ان کا دوسرا ایشیائی میڈل ہے اس سے قبل وہ انڈر 17 ایشین بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 میں بھی سلور میڈل جیت چکے ہیں۔

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد انعام بٹ نے حسن علی بھولا، کوچ غلام فرید اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کامیابیاں پاکستان میں ریسلنگ کے روشن مستقبل کی عکاس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ریسلرز بین الاقوامی سطح پر بہترین مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

فیڈریشن کے صدر ارشد ستار نے کہا کہ ایشین بیچ ریسلنگ اور ایشین گریپلنگ چیمپئن شپ میں مسلسل کامیابیاں مستقبل میں یوتھ اولمپک گیمز ڈکار 2026 کے لیے پاکستان کے امکانات مزید روشن کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US