فن لینڈ میں سیاحوں کے لیے 64 لاکھ مالیت کے خزانے کی تلاش کی مہم

image

فن لینڈ کے مشہور سیاحتی علاقے لاپ لینڈ کے علاقے لیوی میں سیاحوں کے لیے دلچسپ خزانے کی تلاش کا اعلان کیا گیا ہے، جہاں 20 ہزار یورو (تقریباً 64 لاکھ پاکستانی روپے) مالیت کی سونے کی ایک ڈلی چھپائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ خزانہ موسمِ گرما کے سیزن میں سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔ خزانے کی تلاش کا آغاز 18 جون سے ہوگا جبکہ اس مہم میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد کو لیوی وزیٹر سینٹر میں رجسٹریشن کے بعد پہلا سراغ دیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق بعد میں مزید سراغ بھی جاری کیے جائیں گے جو ہائیکرز کو مختلف مقامات اور ڈھلوانوں تک لے جائیں گے، تاکہ وہ سونے کے خزانے تک پہنچ سکیں۔

یہ مہم 22 اگست تک جاری رہے گی اور اگر اس دوران خزانہ نہ ملا تو آخری سراغ بھی جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاپ لینڈ سردیوں میں اسکیئنگ اور شمالی روشنیوں کے لیے مشہور ہے جبکہ گرمیوں میں یہاں سیاحوں کی آمد نسبتاً کم ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے اس منفرد سرگرمی کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US