فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی دلچسپ تفصیلات سامنے آگئیں

image

فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی آمد کے ساتھ ہی عالمی فٹبال کی سب سے بڑی ٹرافی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹرافی 37 سینٹی میٹر بلند اور تقریباً 6 کلوگرام وزنی ہے، جو 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے۔ موجودہ سونے کی قیمت کے حساب سے اس میں استعمال ہونے والے مواد کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے تاہم تاریخی اہمیت اور منفرد ڈیزائن کے باعث اس کی نیلامی کی صورت میں قیمت 2 کروڑ ڈالر تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹرافی کا ڈیزائن دو انسانی مجسموں پر مشتمل ہے جو زمین کو تھامے ہوئے ہیں جسے 1970ء میں اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے تیار کیا تھا۔ اس کے نچلے حصے میں سبز معدنی پتھر ملاکائٹ کی دو تہیں بھی شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو اصل ٹرافی نہیں دی جاتی بلکہ فیفا اسے اپنی تحویل میں رکھتا ہے اور فاتح ٹیم کو سونے کی ملمع کاری والی کانسی کی نقل بطور یادگار دی جاتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US