ملک میں تجارتی عدالتوں کے قیام کیلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

image

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں تجارتی عدالتوں کے قیام کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو اس حوالے سے سفارشات اور قانونی مسودہ تیار کرے گی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

کمیٹی میں منصور عثمان اعوان، بلال اظہر کیانی، سیکریٹری قانون سمیت ممتاز قانونی ماہرین اور وکلا فیصل نقوی، علی المانی، زینب جنجوعہ اور ابراہیم آفریدی بھی شامل ہیں۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق کمیٹی تجارتی عدالتوں کے قیام کے لیے درکار قانونی اور انتظامی فریم ورک کا جائزہ لے گی اور ایک جامع ڈرافٹ تیار کرے گی، جس کی بنیاد پر ملک میں کاروباری اور تجارتی تنازعات کے فوری اور مؤثر حل کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کی راہ ہموار کی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا، کاروباری تنازعات کے بروقت تصفیے کو یقینی بنانا اور عدالتی نظام میں تجارتی معاملات سے متعلق اصلاحات متعارف کرانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US