سرکاری کمپنیوں میں گورننس بہتر بنانے کے لیے ایس ای سی پی کے اقدامات

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سرکاری ملکیتی کمپنیوں میں اکاؤنٹیبلیٹی اور کارپوریٹ گورننس بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے والی سرکاری کمپنیوں کے خلاف تادیبی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اب تک 36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو جاری 58 شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

حکام کے مطابق 46 شوکاز نوٹسز پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 12 کیسز میں تنبیہی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 31 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق مارچ 2026 میں 41 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو 66 شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے جن میں سے بیشتر پر کارروائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ 8 کیسز پر کارروائی ابھی جاری ہے۔

ادارے کے مطابق سالانہ ریٹرن جمع نہ کرانے پر کم از کم 25 ہزار روپے اور گوشوارے جمع نہ کرانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں یہ جرمانہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ شوکاز کارروائی کے دوران کمپنیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا گیا جس کے بعد کئی کمپنیوں نے زیر التوا ریٹرنز جمع کرا دیے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کمپنیوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ تمام فیصلوں کی نقول متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز اور سنٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US