ایشین بیلنس بائیک سائیکلنگ ایونٹ میں پاکستان کے کم عمر سائیکلسٹس شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں، جہاں دو اور چار سال کے بچوں نے بین الاقوامی مقابلے میں ملک کی نمائندگی کی۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 سالہ محمد حسن نے بوائز کیٹگری میں 10ویں جبکہ 4 سالہ احمد حسن نے 12ویں پوزیشن حاصل کی۔
مقابلہ تھائی لینڈ میں منعقد ایشین بیلنس بائیک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے تحت ہو رہا ہے، جس میں ایشیا بھر کے نوجوان کھلاڑی شریک ہیں۔ دونوں بچوں نے سخت مقابلے کے باوجود قابلِ تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے بچوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے ان کے والدین کی اسپورٹس مین شپ کی بھی تعریف کی۔
ایونٹ کے دوران بچوں کے والدین ان کے ساتھ موجود رہے جبکہ ٹیم منیجر ہارون جنرل پاکستانی دستے کی نگرانی اور معاونت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
منتظمین کے مطابق اس ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت پاکستان میں سائیکلنگ کے فروغ اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی مثبت عکاسی کرتی ہے۔