کراچی میں 2 ہزار ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ناصر حسین شاہ

image

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی دنیا کے ان چند شہروں میں شامل ہے جہاں پانی تقریباً 200 کلومیٹر دور سے فراہم کیا جاتا ہے جبکہ سندھ حکومت شہر میں تقریباً 2 ہزار ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں 140 رابطہ سڑکوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور صنعتی علاقوں کی ترقی کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے یلو لائن منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کو تجویز دی ہے کہ منصوبے میں تبدیلی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو مزید کھودنے کے بجائے موجودہ انفرااسٹرکچر اور سڑکوں کو بہتر بنانا زیادہ مؤثر ہوگا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور سینئر وزیر شرجیل میمن بھی یلو لائن منصوبے کے حوالے سے اپنے تحفظات عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے رکھ چکے ہیں۔

انہوں نے وفاقی ترقیاتی فنڈز کی تقسیم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم وسائل ملتے ہیں اور وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کا حصہ صرف 3 سے 4 فیصد ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر تنقید ہوتی رہتی ہے تاہم حکومت تعمیری تنقید کو مثبت انداز میں لیتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US