تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے متعارف کرائی جانے والی فکس ٹیکس اسکیم کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے معیشت کی دستاویز سازی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فکس ٹیکس اسکیم معیشت کو دستاویزی بنانے، کاروباری لاگت کم کرنے اور ٹیکس تنازعات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے لیے آسان اور شفاف ٹیکس نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اس اسکیم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ریلیف ملے گا جبکہ حکومت اور کاروباری طبقے کے درمیان اعتماد کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ اسکیم کے مؤثر نتائج کے لیے حکومت مشاورتی عمل کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے بجٹ میں ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس اسکیم کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور رکھنے والے کاروبار فکس ٹیکس ادا کر کے آڈٹ سے مستثنیٰ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام تاجروں کے لیے آسانی پیدا کرے گا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو ٹیکس معاملات کے بجائے اپنے کاروبار کی ترقی پر توجہ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
رضوان عرفان کے مطابق اگر اسکیم پر شفاف اور مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا گیا تو زیادہ سے زیادہ تاجر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے جس سے ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔