افغانستان کو شکست، پاکستان کی مالدیپ گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی

image

مالدیپ میں کھیلے جا رہے فٹبال ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس ایونٹ میں قومی فٹبال ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شاندار کامیابی ہے۔

میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی کھلاڑیوں نے حریف ٹیم پر دباؤ بنائے رکھا، جس کے نتیجے میں کھیل کے پانچویں ہی منٹ میں عمر نواز نے بہترین فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد میچ کے آخری لمحات میں ہارون حامد نے انجری ٹائم کے دوران دوسرا گول داغ کر پاکستان کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

پاکستانی فٹبال ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔ قومی ٹیم کا بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا گیا پہلا میچ برابری پر ختم ہوا تھا، جبکہ اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان مالدیپ کو 0-3 سے عبرتناک شکست دی تھی اور اب افغانستان کو ہرا کر فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US