ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل لندن کے مشہور واٹرلو برج کو عارضی کرکٹ پچ میں تبدیل کرکے ٹرافی کے ساتھ کپتانوں کے فوٹو سیشن کی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں شریک 12 ٹیموں کی کپتان خصوصی ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے واٹرلو برج پہنچیں جہاں قائم کی گئی عارضی پچ پر انہوں نے مختلف کرکٹ سرگرمیوں اور شائقین کے ساتھ دلچسپ لمحات میں حصہ لیا۔
اس موقع پر اسٹریٹ کرکٹ، تفریحی مقابلوں اور ثقافتی سرگرمیوں نے ماحول کو ایک رنگا رنگ میلے کی شکل دے دی، جسے “کپتانوں کا کارنیوال” قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 12 جون کو برمنگھم میں میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ فائنل 5 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا سمیت 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔