وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملاقات کی جس میں بندرگاہوں اور اسپورٹس سیکٹر کے درمیان تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہیں صرف تجارتی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ قومی ترقی کے اہم مراکز کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے سمندری تحفظ، ماحولیاتی شعور اور بلیو اکانومی کے فروغ کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ حکومت کے بلیو اکانومی وژن میں کھیلوں کے فروغ کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں اسپورٹس اکیڈمیز اور کرکٹ ٹریننگ سینٹرز کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نوجوانوں میں سمندری آگاہی پیدا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے اور گوادر سمیت دیگر ساحلی شہروں میں اسپورٹس اور اوشن آگاہی پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہی ادارے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جبکہ نجی شعبے کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے بحری اور اسپورٹس سیکٹر کے اشتراک سے ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر شاہد آفریدی نے کھیلوں کے ذریعے ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ساحلی علاقوں میں اسپورٹس ٹورازم اور کرکٹ کے فروغ کے روشن امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کے ساتھ ساتھ ماحولیات اور سمندری وسائل کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جانا چاہیے۔