انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور فاسٹ بولر گس ایٹکنسن کے نائٹ کلب میں پیش آنے والے واقعے کے بعد بین اسٹوکس کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نائٹ کلب جانے کے معاملے کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بین اسٹوکس کی جگہ ہیری بروک کو کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نائٹ کلب میں مبینہ طور پر انگلش کرکٹرز اور ایک رگبی کھلاڑی کے درمیان جھگڑا ہوا جبکہ بین اسٹوکس اور گس ایٹکنسن پر ای سی بی کے نئے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر کپتان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رگبی کھلاڑی نے گس ایٹکنسن کو مکا مارا جبکہ موقع پر موجود ای سی بی کا سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا اور اسے ٹانکے لگوانا پڑے۔ تاہم دونوں کرکٹرز کسی بھی انجری سے محفوظ رہے۔
رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں پولیس مداخلت نہیں ہوئی جبکہ ای سی بی کو یقین ہے کہ انگلش کرکٹرز نے جارحانہ رویہ اختیار نہیں کیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بورڈ کی جانب سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔