عراق کی قومی فٹبال ٹیم کے مڈفیلڈر زیڈان اقبال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے ساتھ ایک منفرد تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں جہاں وہ ورلڈ کپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن جائیں گے۔
23 سالہ زیڈان اقبال انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ کا تعلق عراق جبکہ والد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ زیڈان نے فٹبال کی شروعات مقامی کلب سے کی اور بعد ازاں مانچسٹر یونائیٹڈ کی معروف اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔
زیڈان اقبال نے 2021 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی پہلی ٹیم کے لیے میدان میں اتر کر برطانوی جنوبی ایشیائی پس منظر رکھنے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں زیڈان اقبال نے کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں گے۔ ان کے مطابق بچپن میں ان کی توجہ صرف فٹبال کھیلنے اور اس سے لطف اندوز ہونے پر تھی، تاریخ رقم کرنے پر نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد ان کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور عراق کی نمائندگی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں تاہم اگر وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے تو شاید ان کے والد مزید خوش ہوتے۔