چین کے شہر ہانگژو میں ٹریفک کنٹرول اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسمارٹ روبوٹس کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق مشرقی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹس کو ٹریفک نظام میں تعینات کیا گیا ہے جو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں اور سیاحوں کی رہنمائی بھی کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ روبوٹس نہ صرف گاڑیوں کو غیر ضروری ہارن بجانے سے روکتے ہیں بلکہ امتحان دینے والے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ یہ سمارٹ نظام مقامی ٹریفک مینجمنٹ سسٹم سے منسلک ہے اور خلاف ورزیوں کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔
روبوٹس سائیکل سواروں کی جانب سے اسٹاپ لائن عبور کرنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسی خلاف ورزیوں کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانا ہے۔