مکی آرتھر کی قومی ویمن ٹیم کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی تاکید

image

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کی دعوت پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ڈربی میں ویمن ٹیم سے خصوصی ملاقات کی اور آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

ملاقات کے دوران مکی آرتھر نے مقامی کنڈیشنز کے حوالے سے اپنے وسیع تجربے سے کھلاڑیوں کو آگاہ کیا اور ان کے جذبے اور اسکلز کی تعریف کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب میں بہترین پوٹینشل موجود ہے، اگر پلانز کے مطابق کھیلیں تو جیتنا مشکل نہیں ہے۔ انہوں نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ چیمپئینز ٹرافی 2017 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے بعد ہی اچھا کھیلی تھی، جہاں کھلاڑیوں نے شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، متحرک رہے اور پھر کامیابی ملی۔

مکی آرتھر نے ویمن ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ جلد از جلد یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوں اور اس کے بعد میدان میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ڈٹ کر فائٹ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US