پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری رہنے والا لیول ٹو کوچنگ کورس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ اس چھ روزہ کورس میں مجموعی طور پر 29 شرکاء نے جدید کوچنگ تکنیکوں کی تربیت حاصل کی۔
اس تربیتی کورس میں جدید بیٹنگ تکنیک، حکمتِ عملی اور کھیل کے مختلف تکنیکی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ شرکاء کو اسپورٹس سائیکالوجی، بایومکینکس اور ایتھلیٹ مینجمنٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی تربیت فراہم کی گئی۔ اس اہم کورس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نامور ٹیسٹ کرکٹرز آصف آفریدی، فخر زمان اور عثمان خان شنواری سمیت انٹرنیشنل کرکٹر حسین طلعت نے بھی بطورِ خاص شرکت کی۔
ہیڈ آف کوچ ایجوکیشن اور ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شاہد اسلم کے مطابق، کورس کے دوران شرکاء کو پلاننگ، بایومکینکس، فٹنس اور سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کے شعبوں میں جامع تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیول ٹو کورس مکمل کرنے والے تمام شرکاء کے لیے اب چھ ماہ کا پوسٹ کورس پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ان کی مہارت کو مزید نکھارا جاسکے۔