ریفریز کی رپورٹ پر قذافی اسٹیڈیم اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی پچز غیر تسلی بخش قرار

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی پچوں کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دونوں وینیوز کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ کی پچ کو اس غیر تسلی بخش ریٹنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائے کرافٹ نے لارڈز جبکہ گریم لابروئے نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کے حوالے سے اپنی رپورٹس جمع کروائیں۔ میچ ریفری گریم لابروئے نے اپنی رپورٹ میں موقف اختیار کیا کہ قذافی اسٹیڈیم کی پچ انتہائی سلو اور لو تھی، جس کی وجہ سے اس پر رنز بنانا بے حد مشکل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پچ ون ڈے انٹرنیشنل کے معیار کے مطابق بالکل نہیں تھی اور اس پر بیٹرز کو کریز پر سیٹ ہونے میں شدید مشکلات پیش آ رہی تھیں۔

آئی سی سی نے پچوں کی یہ تفصیلی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو باقاعدہ ارسال کردی ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 14 دنوں کا وقت دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US