پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے آج علی الصبح جناح ایئرپورٹ کراچی سے بیلجیم اور برطانیہ (یوکے) روانہ ہوگئی ہے۔ شیڈول کے مطابق پرو ہاکی لیگ کے مقابلے 13 سے 28 جون 2026 تک بیلجیم اور یوکے میں کھیلے جائیں گے۔
یورپ کے اس اہم دورے کے لیے روانہ ہونے والے قومی ہاکی اسکواڈ کے آفیشلز میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض اولمپین منظور الحسن انجام دے رہے ہیں جبکہ اولمپین خواجہ محمد جنید بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ ان کے علاوہ ویڈیو اینالسٹ سلطان اشرف اور فزیو تھراپسٹ فہد جاوید بھی آفیشلز کا حصہ ہیں۔
قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں گول کیپرز علی رضا اور وقار شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں زکریا حیات، عماد شکیل بٹ، عبدالمتین، محمد عماد، معین شکیل، رانا محمد ولید اشرف، غضنفر علی، محمد عبداللہ، احمد ندیم، ارشد لیاقت، عبدالمنان، افراز، بشارت علی، محمد ندیم خان، رانا عبدالوحید اشرف، ابوبکر محمود، ارباز احمد اور محمد حماد الدین انجم شامل ہیں۔
قومی ٹیم دورے کے دوران بیلجیم اور انگلینڈ میں مجموعی طور پر آٹھ اہم میچز کھیلے گی۔
بیلجیم لیگ کے اختتام پر قومی ٹیم لندن روانہ ہوگی، جہاں انگلینڈ لیگ کے دوران 23 جون کو پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے خلاف سب سے بڑا اور سنسنی خیز ٹکراؤ شیڈول ہے۔ یہ تمام میچز بین الاقوامی ہاکی شیڈول کے مطابق وقت پر کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی سمیت پی ایچ ایف منیجمنٹ کے دیگر عہدیداران نے قومی ٹیم سے اس اہم دورے پر ٹیم کیساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔