ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے نشتر پارک لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ اور اوپن ٹینس کورٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں ہونے والے آئندہ بین الاقوامی ویمنز ٹینس ایونٹ کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں دنیا کے کئی ممالک کی نامور اور معروف خواتین ٹینس کھلاڑی شرکت کریں گی اور وہ ایکشن میں نظر آئیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس ایونٹ کے انعقاد سے کھیلوں کے فروغ اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو تقویت ملے گی، اور ان عالمی مقابلوں کی میزبانی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
محمد طارق قریشی نے مزید بتایا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام جلد شروع ہونے والی اسپورٹس اکیڈمیز کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے، جہاں 19 مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی، اور ان اکیڈمیز میں ٹینس کا کھیل بھی شامل کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران ڈی جی اسپورٹس پنجاب اور اعصام الحق نے ٹینس انفراسٹرکچر کا معائنہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے ٹینس کے فروغ کے لیے اسپورٹس بورڈ پنجاب کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور جلد ہی بین الاقوامی ویمنز ٹینس ایونٹ کا مرکز بنے گا جہاں دنیا بھر سے بہترین کھلاڑیوں کی آمد متوقع ہے۔