سیکریٹری یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس فضل الرحمن سے چیف منسٹر ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے کامیاب نوجوانوں نے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں بہاولپور، ڈیرہ غازیخان، فورٹ عباس، بہاولنگر، ساہیوال، سیالکوٹ اور لاہور کے ای روزگار سنٹرز سے ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوانوں نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ای روزگار ٹریننگ سے کروڑوں روپے کمانے والے نوجوانوں نے اپنی کامیابی کے تجربات سنائے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای روزگار ٹریننگ پروگرام سے اب تک 65 ہزار نوجوان فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ای روزگار ٹریننگ پروگرام سے ہمارے نوجوانوں نے بے مثال ترقی کی ہے اور اس پروگرام نے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نوجوانوں کی ترقی کیلیے مسلسل کام کررہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں لانے کیلیے نئے پروگرام شروع کئے جارہے ہیں، جس کے تحت نوجوانوں کیلیے گیمز ڈیولپمنٹ، سی ایم پنجاب ای اسپورٹس اور دیگر پروگرامز کا جلد آغاز کیا جائے گا۔