ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن (ڈی پی سی) نے مالی سال 2024-25ء کے لیے اپنی پانچویں سالانہ رپورٹ آج جاری کر دی ہے، جس کا مقصد ادارے کی مالی کارکردگی، عملی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ایکٹ 2016ء کے تحت قائم کردہ یہ ادارہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرتا ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک سے کسی رکن بینک کی ناکامی کی باضابطہ اطلاع ملنے پر بینکوں کے ڈپازٹرز کو زرِ تلافی کی ادائیگی اور مسائل سے دوچار رکن بینکوں کے تصفیے کے لیے انہیں مالی معاونت فراہم کی جاسکے۔
رپورٹ میں بتایا کیا گیا ہے کہ ڈی پی سی نے اپنے رکن بینکوں کے تمام اہل ڈپازٹرز کی کوریج کو دوگنا کر کے اسے فی بینک ڈپازٹر 10 لاکھ روپے تک پہنچادیا ہے۔ گذشتہ چھ برسوں میں ڈی پی سی کی جانب سے کوریج میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق، 30 جون 2025ء تک تمام شیڈولڈ بینکوں کے ڈپازٹرز کی مجموعی تعداد 91.78 ملین ہے، جس میں سے 90.83 ملین اہل ڈپازٹرز ہیں، اور ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے مطابق انہیں ہر بینک میں علیحدہ علیحدہ فی ڈپازٹر جمع شدہ ایک ملین روپے تک کی رقم کا تحفظ حاصل ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ ڈی پی سی کا ڈپازٹ پروٹیکشن فنڈ 200 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے، جو ادارے کے فرائض کی ادائیگی کے لیے اس کی مضبوط مالی صورتِ حال کا عکاس ہے۔
مزید برآں، رپورٹ میں خاص طور پر مسائل سے دوچار رکن بینکوں کے مالی تصفیے کے حوالے سے کارپوریشن کے معاون کردار کو بڑھانے کے لیے ڈی پی سی ایکٹ 2016ء میں کی گئی ترامیم پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، رپورٹ میں جامع مالی جائزہ بھی فراہم کی گیا ہے، جو پانچ سالہ تقابلی تجزیات، انڈپینڈنٹ آڈیٹر رپورٹ، اور مالی سال 2024-25ء کے آڈٹ شدہ مالی گوشواروں پر مشتمل ہے۔
ڈی پی سی کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 2024-25ء اس لنک پر دستیاب ہے:
https://dpc.org.pk/Publications/AnnualReports/AR%20DPC%202024-25%2010-06-2026.pdf