ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو مزید اہم کھلاڑیوں، 40 سالہ اسپنر نعمان علی اور فاسٹ بولر نسیم شاہ کے لیے بھی مستقبل قریب میں ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے بند ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا تھنک ٹینک نعمان علی کی بڑھتی ہوئی عمر اور نسیم شاہ کے ورک ایتھکس سے مطمئن نہیں ہے۔ اسی وجہ سے نعمان علی کو حالیہ ریڈ بال کیمپ میں بھی مدعو نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے نوجوان اسپنرز کو آگے لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آنے والے پانچ ٹیسٹ میچوں کے لیے ابرار احمد اور ساجد خان فرسٹ چوائس اسپنرز ہوں گے۔
دوسری جانب شاہین آفریدی کی طرح نسیم شاہ بھی مستقبل قریب میں پاکستان کے ٹیسٹ پلانز کا حصہ نہیں ہیں اور انہیں آئندہ سیزن میں فرسٹ کلاس کرکٹ پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ دسمبر 2024 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیلا تھا۔