پنجاب حکومت کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلیے 15 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان

image

وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر حکومتِ پنجاب نے ملک میں ہاکی کے احیاء، نچلی سطح (گراس روٹ لیول) پر ٹیلنٹ کی نشوونما اور کوچنگ و ٹیکنیکل ڈویلپمنٹ کے لیے 15 کروڑ (150 ملین) روپے کی خطیر گرانٹ منظور کرلی ہے۔

یہ اہم فیصلہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اسپورٹس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

پنجاب حکومت نے یہ فنڈز پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ارسال کردہ باضابطہ درخواست پر منظور کیے ہیں۔ گرانٹ کا بنیادی مقصد ملک بھر میں نئے ٹیلنٹ کی شناخت، گراس روٹ ڈویلپمنٹ پروگرامز کا انعقاد، اور کوچز کو جدید ترین عالمی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ہاکی میں پاکستان کا تاریخی وقار بحال کیا جاسکے۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے بروقت مالی امداد پر پی ایچ ایف صدر اور منیجمنٹ کے دیگر عہدیداران کی جانب سے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ترجمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی کابینہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرانٹ ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا معیار بڑھانے اور نوجوان ایتھلیٹس کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US