پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ میں بے خوف اور مثبت کرکٹ کھیلے گی کیونکہ یہ نوجوان، پُرجوش اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور اگر ٹیم اپنی تیاری اور محنت پر یقین رکھے گی تو نتائج حق میں آئیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ گروپ میں ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیمیں شامل ہیں، لیکن سیمی فائنل تک رسائی پاکستان ویمنز ٹیم کا حقیقت پسندانہ ہدف ہے اور ایونٹ کا آغاز اچھے انداز میں کرنا ہمارے لیے انتہائی اہم ہے۔
وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ٹیم کی اصل طاقت ہے اور کھلاڑی انگلینڈ کی کنڈیشنز سے پوری طرح ہم آہنگ ہو چکے ہیں، جس میں آئرلینڈ سیریز اور وارم اپ میچز نے تیاری میں بڑی مدد فراہم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ وہ اسٹیج ہے جہاں پوری دنیا آپ کو دیکھ رہی ہوتی ہے، اس لیے اگر کھلاڑی اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں تو بڑی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ویمنز ٹیم ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پرعزم اور بہترین کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ سخت محنت، اعتماد اور جذبہ ہی کامیابی کی کنجی ہے۔