پنجاب کے ضلع ڈی جی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ایک ملزم کا پولیس کو چکمہ دینے کا انوکھا اور دلچسپ انداز سامنے آیا ہے، جہاں وہ گرفتاری کے خوف سے تقریباً 80 فٹ بلند کھجور کے درخت پر چڑھ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بلندی پر پہنچنے کے بعد نیچے اترنے سے صاف انکار کر دیا، جس پر صورتحال کو سنبھالنے اور اسے بحفاظت نیچے لانے کے لیے ریسکیو ٹیم کو موقع پر طلب کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے ملزم کو نیچے لانے کے لیے کافی تگ و دو کی، تاہم اس نے ہار ماننے کے بجائے درخت کے اوپر ہی ریسکیو ٹیم کے ساتھ بھی مزاحمت شروع کردی۔
جب یہ ہائی وولٹیج ڈراما کافی طویل ہوگیا اور ملزم کسی صورت نیچے اترنے پر راضی نہ ہوا، تو متعلقہ اداروں نے مجبوراً کھجور کے درخت کو ہی کاٹنے کا فیصلہ کیا۔ پولیس کے مطابق جیسے ہی درخت کٹا، ملزم ایک بڑی شاخ سمیت زمین پر آ گرا، جس کے بعد پولیس نے اسے فوراً حراست میں لے کر گرفتار کر لیا۔