ایک پھل و سبزیوں کے اسٹور میں نایاب اور عجیب الخلقت دو رنگی سیب کی موجودگی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی جس کے بعد اسٹور پر شائقین کا رش لگ گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ سیب آدھا سرخ اور آدھا پیلا ہے اور بالکل درمیان سے دو حصوں میں تقسیم دکھائی دیتا ہے۔ یہ سیب مئی کے وسط میں سن شائن کارنر مارکیٹ، کرائسٹ چرچ کے مضافاتی علاقے مائر یہاؤ میں ایک تازہ پھلوں کی کھیپ سے ملا تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ انتہائی نایاب قسم کا سیب ہے جو جینیاتی تبدیلی کے باعث بنتا ہے اور اندازاً ہر دس لاکھ پھلوں میں سے ایک سے بھی کم میں پایا جاتا ہے۔
اسٹور کی مالک مس ہیدر نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے اپنے طویل کاروباری تجربے میں ایسا سیب پہلی بار دیکھا ہے۔ ان کے مطابق یہ سیب مقامی سطح پر ایک "سیلیبریٹی" بن چکا ہے اور لوگ اسے دیکھنے کے لیے بار بار اسٹور کا رخ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض افراد اسے خوش قسمتی کی علامت سمجھ کر چھونے کی درخواست بھی کرتے ہیں جبکہ بہت سے صارفین اس کی تصاویر بھی بنا رہے ہیں۔ مس ہیدر کے مطابق سیب کو محفوظ رکھنے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھا گیا ہے تاہم جلد فیصلہ کیا جائے گا کہ اسے برقرار رکھا جائے یا اس کی ساخت جانچنے کے لیے کاٹ دیا جائے۔