بھارتی چیف جسٹس سوریہ کانت کے ایک متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شروع ہونے والی طنزیہ سیاسی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جہاں کاکروچ جنتا پارٹی کے بعد اب ایک نئی مزاحیہ تحریک خرگوش جنتا پارٹی سامنے آ گئی ہے۔
بھارتی یوٹیوبر اور بگ باس کے فاتح ایلویش یادو نے اس نئی طنزیہ سیاسی تحریک کا باضابطہ اعلان 10 جون کو کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پارٹی کا پوسٹر بھی شیئر کیا جس میں خرگوش اور گاجروں کے کارٹونز کے ساتھ ان کی تصویر شامل تھی۔
پوسٹر پر درج دلچسپ نعرہ تیز دماغ، لمبے کان، سب کا وکاس، گاجر کے ساتھ! سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جبکہ یدو نے کیپشن میں لکھا کہ سارے بھائی جنتر منتر پہنچ جائیں سب کو مفت گاجر ملے گی۔
یہ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور یہ تحریک آن لائن ٹرینڈ بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 30 سالہ بھارتی شہری ابھیجیت دیپکے نے کاکروچ جنتا پارٹی کے نام سے طنزیہ مہم شروع کی تھی جو بھارتیہ جنتا پارٹی پر بالواسطہ طنز قرار دی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ آن لائن تحریک تیزی سے پھیلتے ہوئے لاکھوں فالوورز حاصل کر چکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس قسم کی طنزیہ سیاسی تحریکیں نوجوانوں میں سیاسی نظام، بے روزگاری اور میڈیا دباؤ کے خلاف ایک مزاحیہ مگر احتجاجی رجحان کے طور پر ابھر رہی ہیں۔