جاپان اپنے نظم و ضبط، شہری شعور اور صفائی کے کلچر کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جاپانی شائقین ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے جب انہوں نے نیدرلینڈز کے خلاف 2-2 سے برابر رہنے والے میچ کے بعد ڈلاس اسٹیڈیم میں موجود کچرا خود جمع کرنا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاپانی مداح پلاسٹک کے تھیلوں میں اسٹیڈیم کے اسٹینڈز سے کچرا اکٹھا کر رہے ہیں۔ یہ عمل جاپانی فٹبال شائقین کی ایک ایسی روایت بن چکا ہے جو ہر بڑے عالمی ٹورنامنٹ میں دنیا کی توجہ حاصل کرتی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جاپانی شائقین نے ایک بار پھر اپنی شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے بعد نیلے رنگ کے تھیلوں میں کچرا جمع کر کے اسٹیڈیم کو صاف کیا۔
ماہرین کے مطابق جاپان میں بچوں کو کم عمری سے ہی صفائی، نظم و ضبط اور عوامی مقامات کا احترام سکھایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جاپانی شہری دنیا کے مختلف ممالک میں بھی اپنے مثبت رویوں اور سماجی ذمہ داری کے باعث تعریف حاصل کرتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف شائقین ہی نہیں بلکہ جاپان کی قومی فٹبال ٹیم نے بھی اپنی روایت برقرار رکھی۔ میچ کے بعد ٹیم نے اپنا ڈریسنگ روم انتہائی صاف ستھری حالت میں چھوڑا، جس پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے جاپانی شائقین اور ٹیم کے اس رویے کو مثالی قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اسی وجہ سے وہ جاپان اور جاپانی عوام کو پسند کرتا ہے کیونکہ وہ بہترین اقدار کے حامل ہیں۔ ایک اور صارف نے اسے ورلڈ کپ کی منفرد ترین روایت قرار دیا، جبکہ ایک تبصرہ نگار نے کہا کہ اسٹیڈیم میں جاپانی شائقین کا یہ عمل حقیقی کھیل کے جذبے اور ذمہ داری کی بہترین مثال ہے۔