ٹینس اسٹار مزمل مرتضیٰ نے بھارتی کھلاڑی کو شکست دے دی

image

پاکستان کے صفِ اول کے ٹینس کھلاڑی مزمل مرتضیٰ نے ترکیہ میں جاری آئی ٹی ایف ایم-15 فیوچر ٹورنامنٹ (کیسری) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑی آدتیہ کوتھاری کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔

مین ڈرا کے پہلے راؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں مزمل مرتضیٰ نے حریف کھلاڑی کو 6-0، 6-1 کے واضح اسکور سے زیر کر کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق مزمل مرتضیٰ کو پاکستان ٹینس فیڈریشن اور ترکش ٹینس فیڈریشن کے باہمی تعاون سے وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے مین ڈرا میں شامل کیا گیا جس کے بعد انہوں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے اس کامیابی پر مزمل مرتضیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے مزمل مرتضیٰ کی ٹورنامنٹ میں شرکت ممکن ہوئی، اور یہ فتح ان کے لیے حوصلہ افزا آغاز ہے۔

پی ٹی ایف کے سیکریٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل اور دیگر حکام نے بھی مزمل مرتضیٰ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ میچز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US