سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ فنانشل ٹیکنالوجی کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ کو ہر پاکستانی کی دسترس میں لایا جائے گا، جس کے لیے جولائی 2026 میں ڈیجیٹل ان بورڈنگ کی ایک نئی موبائل ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس موبائل ایپ کی مدد سے سرمایہ کاری کا عمل انتہائی آسان، محفوظ اور تیز رفتار ہوجائے گا، جبکہ اس اقدام کا بنیادی مقصد کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی کل تعداد کو 25 لاکھ تک بڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (CDC) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور مینجمنٹ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کے دوران چیئرمین SECP نے واضح کیا کہ اس نئی موبائل ایپ کا بنیادی ہدف نوجوان نسل ہے، جنہیں موبائل فون کے ذریعے کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی براہ راست سہولت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں سینٹرل ڈیپازٹری کی آپریشنل کارکردگی، سائبر سیکیورٹی کے انتظامات اور مستقبل کے ڈیجیٹل منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سی ڈی سی کی اسٹریٹجک ری اسٹرکچرنگ کی مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت کمپنی کے بنیادی ڈپازٹری کے فنکشن کو اس کی دیگر کاروباری سرگرمیوں، جیسے کہ ٹرسٹی سروسز وغیرہ سے مکمل طور پر علیحدہ کر دیا جائے گا۔