ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے اسپورٹس ایونٹ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم، ہائر ایجوکیشن، لیبر ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ سمیت مختلف متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ لٹریسی، نان فارمل ایجوکیشن، اسپیشل ایجوکیشن، انفارمیشن اینڈ کلچر، لاہور بورڈ، ٹیوٹا، ہوم ڈیپارٹمنٹ، لائیو اسٹاک، پی آئی ٹی بی اور ڈی پی آئی کالجز کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب کے تمام اسپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہوگا جس میں تقریباً 50 لاکھ گرلز اور بوائز حصہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یوتھ گیمز میں اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور مدارس کے طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے تعلیمی اداروں اور نان فارمل و لٹریسی ایجوکیشن کے طلبہ بھی شریک ہوں گے۔
ان کے مطابق یہ ایونٹ چھ مراحل میں منعقد ہوگا جس میں 17 مختلف کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مجموعی طور پر 150 ملین روپے کے نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈیپارٹمنٹس کے فوکل پرسنز نے بھی شرکت کی اور ایونٹ کی کامیابی کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔