آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قاسم شکارپوری نے جیولرز برادری کی ہڑتال ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف کمشنر ٹیکس کے ساتھ ٹیلی فونک مذاکرات کی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے۔
کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں کراچی کے مشہور صرافہ بازار میں واقع 'لبرٹی جیولرز' کو ڈی سیل کردیا گیا، جبکہ ہڑتال کے خاتمے کے بعد کراچی سمیت صوبہ سندھ بھر کی تمام صرافہ مارکیٹیں اور بازار معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔
چیئرمین قاسم شکارپوری کا مزید کہنا تھا کہ صرافہ برادری کے معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے اسلام آباد میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، جس کے بعد آئندہ چاروں صوبوں کی قیادت اور نمائندوں کی مشاورت سے اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔