ویسٹ انڈیز کا سری لنکا کیخلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

image

ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس میں آل راؤنڈر روسٹن چیز کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ جمیل واریکن نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔

اس اسکواڈ میں شائی ہوپ، برینڈن کنگ، جان کیمبل، ٹیگ نارائن چندرپال، جسٹن گریوز اور کیویم ہاج کو شامل کیا گیا ہے۔ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں فارم میں موجود بیٹر جوشوا ڈی سلوا کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ فاسٹ بولنگ اٹیک میں کیمار روچ، جیدن سیلز اور انڈرسن فلپ شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، انجری سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد الزاری جوزف اور شمر جوزف کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جو انجری کی وجہ سے بھارت اور نیوزی لینڈ کے دوروں کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔

ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیٹر امیر جنگو بھی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں؛ انہوں نے چیمپئن شپ کی 7 اننگز میں 411 رنز اسکور کیے، جس کے بعد جنوری 2025ء میں ملتان ٹیسٹ کھیلنے کے بعد اسکواڈ سے ڈراپ ہونے والے امیر جنگو کی دوبارہ واپسی ممکن ہوئی ہے۔

ویسٹ انڈیز کا تربیتی کیمپ 12 جون سے شروع ہو چکا ہے جو 22 جون تک جاری رہے گا۔ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 25 جون سے نارتھ ساؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جولائی تک نارتھ ساؤنڈ میں ہی شیڈول ہے۔

ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ اس تربیتی کیمپ سے پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی اور وہ پاکستان کے خلاف سیزن کے اختتامی میچز کے لیے ابھی سے پلاننگ کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US