پی سی بی کا کھلاڑیوں کے لیے بڑے مالی پیکج پر غور

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے نئے مالی مراعاتی پیکج پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اے بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ماہانہ آمدن 48 لاکھ روپے سے تجاوز کر سکتی ہے جبکہ سالانہ آمدن 5 کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس رقم میں میچ فیس شامل نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ فیس، ریٹینر کنٹریکٹ، پی ایس ایل اور ایک غیر ملکی لیگ کھیلنے کے مواقع کے ساتھ اے بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی مجموعی سالانہ آمدن تقریباً 8 کروڑ روپے سے بڑھ کر 15 کروڑ روپے تک جا سکتی ہے۔

مجوزہ پلان کے مطابق اے کیٹیگری کے کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حصہ لیں گے جہاں فرسٹ کلاس میچ کھیلنے پر ساڑھے سات لاکھ روپے تک میچ فیس دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل ٹورنامنٹس جیتنے پر بالترتیب 500 فیصد اور 300 فیصد تک اضافی بونس دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کرکٹ میں شامل کیا جا سکے گا جبکہ سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے غیر ملکی لیگز کھیلنے سے قبل کم از کم 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا لازمی قرار دینے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی لیگز کے این او سی کو فٹنس ٹیسٹ سے مشروط کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور صرف فٹنس معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو اجازت دی جائے گی۔

ڈی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ ریٹینر 10 لاکھ روپے مقرر کرنے اور انہیں اے ٹیم کے دوروں کے لیے بھی زیر غور رکھنے کی تجویز شامل ہے۔

پی سی بی حکام کے مطابق ان مجوزہ اقدامات کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانا اور ڈومیسٹک و انٹرنیشنل کرکٹ میں مسابقت کو مزید بڑھانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US