فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران سعودی عرب کے قومی پرچم کو دیگر ممالک کے جھنڈوں سے مختلف انداز میں پیش کیا گیا، جس نے شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
ورلڈ کپ کے روایتی پری میچ پروٹوکول کے تحت شریک ٹیموں کے قومی پرچم میدان میں پھیلا کر رکھے جاتے ہیں، تاہم سعودی عرب کے جھنڈے کو اس روایت سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ سعودی پرچم کو گراؤنڈ پر بچھانے کے بجائے ایک نمایاں اور بلند مقام پر آویزاں کیا گیا تاکہ اس کے مذہبی تقدس کا مکمل خیال رکھا جاسکے۔
اس خصوصی انتظام کی وجہ سعودی عرب کے قومی پرچم پر درج کلمہ طیبہ ہے، جو مسلمانوں کے بنیادی عقیدے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اسی باعث سعودی عرب میں پرچم کو زمین پر رکھنے، اس پر قدم رکھنے یا کسی ایسے طریقے سے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی جس سے بے ادبی یا بے حرمتی کا تاثر پیدا ہو۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ نے مذہبی اور ثقافتی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی پرچم کے لیے الگ انتظام کیا اور اسے بلند مقام پر نصب کیا، تاکہ اس کے احترام اور تقدس کو برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایچ میں سعودی عرب اور یوراگوئے کے درمیان کھیلا جانے والا مقابلہ سنسنی خیز ثابت ہوا۔ میامی اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ مقررہ وقت تک ایک، ایک گول سے برابر رہا اور دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا۔