امریکی ریاست میساچوسٹس میں دنیا کی سب سے بڑی فٹبال تیار کر کے باضابطہ طور پر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
مشرقی بوسٹن کے پیئرز پارک ٹو میں نصب اس دیوہیکل فٹبال کا قطر 47.9 فٹ بتایا گیا ہے جس کی گینیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسے دنیا کی سب سے بڑی فٹبال قرار دیا گیا ہے۔
اس ریکارڈ کے ذریعے امریکا نے 2013 میں قطر کا بنایا گیا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا جس میں 39.98 فٹ قطر کی فٹبال تیار کی گئی تھی۔رپورٹس کے مطابق یہ یادگار فٹبال امریکی ریاست اوہائیو کی کمپنیوں برٹن انکارپوریٹڈ اور کری ایٹو اِنفلیٹیبلز نے تیار کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منفرد تخلیق کا مقصد آئندہ فیفا ورلڈ کپ میچز کا جشن منانا ہے جو جون اور جولائی میں بوسٹن اسٹیڈیم، فاکسبرو میں کھیلے جائیں گے۔
یہ دیوہیکل فٹبال 18 جون تک عوام کے لیے نمائش پر رکھی جائے گی، جہاں شائقین اسے قریب سے دیکھ سکیں گے اور تصاویر بھی بنا سکیں گے۔
میساچوسٹس پورٹ اتھارٹی کے مطابق اس منصوبے میں استعمال ہونے والا تمام مواد بعد ازاں ری سائیکل کیا جائے گا تاکہ ماحول دوست اقدامات کو بھی فروغ دیا جا سکے۔