بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوا جیت سائکیا نے بھارتی کھلاڑیوں کو ہر قسم کے تنازعات سے دور رہنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری چیزوں پر دھیان دینے کے بجائے صرف اپنے کھیل پر توجہ دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انڈیا اے کے تمام کھلاڑی سینئر ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اہم ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں اور اس وقت واحد مقصد سہ ملکی سیریز میں بھارتی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانا ہے، اس لیے کھلاڑی سوشل میڈیا اور تنازعات پر توجہ دینے کے بجائے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
بی سی سی آئی کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے معاملات اور حکمتِ عملی میں مداخلت نہیں کی جاتی، تاہم ملک کے لیے کھیلتے ہوئے کھلاڑیوں کا دھیان دوسرے معاملات کی طرف نہیں جانا چاہیے۔
یہ ہدایات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب دیمبولا واقعے پر بی سی سی آئی نے تاحال ویبھو سوریاونشی یا کسی بھی دوسرے کھلاڑی سے رابطہ نہیں کیا ہے، جبکہ گزشتہ سال پاکستان کے خلاف انڈر-19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھی سوریاونشی نے ایک متنازع اشارہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ریکارڈ ساز پرفارمنس دینے والے 15 سالہ ویبھو سوریاونشی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پہلی بار بھارتی سینئر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں اور وہ جلد ہی اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔