پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں،۔ معروف سوشل میڈیا شخصیت کاشف ضمیر نے حال ہی میں مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی اور انہیں رولیکس گھڑی تحفے میں پیش کی، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔
ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ جہاں کچھ افراد نے اس ملاقات کو احترام اور عقیدت کا اظہار قرار دیا، وہیں بڑی تعداد میں صارفین نے کاشف ضمیر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ متعدد صارفین کا دعویٰ تھا کہ کاشف ضمیر ماضی میں بھی مختلف مشہور شخصیات کو مبینہ طور پر جعلی رولیکس گھڑیاں اور سونے کے زیورات تحفے میں دیتے رہے ہیں۔
بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ یہ رولیکس نہیں بلکہ اس کی نقل ہے، جبکہ کچھ نے دعویٰ کیا کہ گھڑی دراصل ترک ساختہ کاپی ہے۔ کئی افراد نے مولانا طارق جمیل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک مذہبی رہنما کے لیے اتنا مہنگا تحفہ قبول کرنا مناسب ہے یا نہیں۔ ان صارفین کا کہنا تھا کہ مولانا طارق جمیل اکثر دنیاوی لالچ سے بچنے اور سادہ زندگی اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہیں، اس لیے اس ویڈیو نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
دوسری جانب مولانا طارق جمیل یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اسی طرح اس بات کی بھی کوئی تصدیق موجود نہیں کہ تحفے میں دی جانے والی گھڑی اصلی رولیکس تھی یا اس کی نقل۔ تاہم ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا نیا سلسلہ ضرور شروع ہوگیا ہے، جہاں ایک طرف تحفے کی نوعیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں تو دوسری طرف مذہبی شخصیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے تعلقات پر بھی مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔