پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتے ہوئے 9 سال مکمل ہوگئے ہیں جس نے قومی کرکٹ کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا تھا۔
اس تاریخی فائنل میں پاکستان نے اوول گراؤنڈ پر روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس شاندار فتح کی قیادت کپتان سرفراز احمد نے کی تھی۔
سرفراز احمد نے اس یادگار لمحے کو اپنے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم، کوچنگ اسٹاف، مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی مشترکہ محنت کا نتیجہ تھی۔
اوپنر فخر زماں نے بھی فائنل میں اپنی شاندار اننگز کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کے کیریئر کا ناقابلِ فراموش لمحہ ہے، جبکہ چیمپئنز ٹرافی نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔
نوجوان فاسٹ بولر ابرار احمد نے کہا کہ انہوں نے یہ فائنل گھر بیٹھ کر دیکھا تھا اور پاکستان کی فتح پر بے حد خوشی محسوس کی تھی۔ ان کے مطابق جب ٹرافی کراچی لائی گئی تو وہ بھی وہاں موجود تھے مگر رش کی وجہ سے قریب سے دیکھ نہ سکے، اور آج اسے قریب سے دیکھنا ان کے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔
بولر خرم شہزاد نے بتایا کہ وہ اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نیٹ بولر کے طور پر ٹیم کی تیاری کا حصہ تھے اور یہ ان کے لیے یادگار تجربہ تھا۔
آل راؤنڈر عامر جمال نے اس فتح کو پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل اور فائنل کی یادیں آج بھی ذہن میں تازہ ہیں۔ ان کے مطابق فائنل میں ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد دباؤ بڑھ گیا تھا، تاہم شاداب خان کے شاندار کیچ نے میچ کا رخ پاکستان کی طرف موڑ دیا تھا۔