چیئرمین ایس ای سی پی (SECP) ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے سیکیورٹیز مارکیٹ کے کمشنر علی فرید خواجہ کے ہمراہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (PMEX) کا ایک اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پی ایم ای ایکس کے سی ای او خرم ظفر اور بورڈ ممبران کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پاکستان کی ریگولیٹڈ کموڈٹی فیوچرز مارکیٹ کی ترقی اور مستقبل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ پی ایم ای ایکس کی انتظامیہ کی جانب سے زرعی کموڈٹی مارکیٹس کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ملک میں فزیکل ڈلیوری والے زرعی فیوچرز کانٹریکٹس اور الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیپٹس متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جس سے کسانوں، تاجروں اور پروسیسرز کے لیے مارکیٹ تک رسائی اور قیمتوں کا مناسب تعین یقینی بنایا جائے گا۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی اقتصادی ترقی، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور فنانشل انکلوژن کے فروغ کے لیے ایک مضبوط مارکیٹ کا ہونا انتہائی ناگزیر ہے۔