پاکستان اور ایران نے باہمی اقتصادی تعاون اور سرحدی تجارت کو فروغ دیتے ہوئے دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی، جس میں اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری اور سرحدی تجارت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کو یقین دلایا کہ اقتصادی تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایران نے پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کی پیشکش کی اور دونوں ممالک نے مشترکہ اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے سمیت روزانہ سرحد پار کرنے والے تجارتی ٹرکوں کی تعداد 2,000 تک بڑھانے کی تجویز پر غور کیا۔
اس کے علاوہ رمدان گبد اسپیشل اکنامک زون کو جلد فعال بنانے کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا، جبکہ اعلامیے میں وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر کی قیادت کو بھی سراہا گیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی روابط کو وسعت دے کر اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔