بی سی سی آئی کا ویبھو سوریاونشی کے والدین کو بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ

image

بھارتی کرکٹ بورڈ نے منفرد فیصلہ کرتے ہوئے 16 سالہ ویبھو سوریاونشی کے والدین کو بھی آئرلینڈ اور انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں بھارتی ٹیم اس موسم گرما میں وائٹ بال سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس نوعمر کھلاڑی کے والدین کو آئرلینڈ اور انگلینڈ بھیجنے کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گا۔

بی سی سی آئی (BCCI) کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک غیر معمولی فیصلہ ہے، لیکن پھر ہر ٹیم میں 15 یا 16 سال کا کھلاڑی موجود نہیں ہوتا۔

دیواجیت سائکیا کا کہنا تھا کہ ویبھو بہت چھوٹے ہیں اور ہم نے محسوس کیا کہ اگر ان کے والدین ان کی رہنمائی، مشورے اور ضرورت پڑنے پر انہیں پُرسکون رکھنے کے لیے وہاں موجود ہوں گے، تو اس سے انہیں بین الاقوامی کرکٹ اور ٹیم کے ماحول میں ڈھلنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ جانے والی بھارتی ٹیم کے باقی تمام کھلاڑی 18 سال سے زیادہ عمر کے ہیں اور ان میں سے کئی تجربہ کار پروفیشنلز ہیں۔

سائکیا نے اعتراف کیا کہ سری لنکا میں حالیہ واقعے کے بعد سوریاونشی کے والدین کو ساتھ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں انڈیا اے کی ٹیم سری لنکا اور افغانستان اے ٹیموں کے ساتھ سہ فریقی سیریز کھیل رہی ہے۔

ڈمبولا میں کھیلے گئے ایک میچ میں انڈیا اے کی سپر اوور میں شکست کے بعد، اس نوجوان اوپنر نے ایک سری لنکن کھلاڑی کو دھکا دے دیا تھا، جس پر سوریاونشی کے رویے کی سخت مذمت کی گئی اور کئی لوگوں نے ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا۔

ناقدین نے یہ بات بھی یاد دلائی کہ گزشتہ سال انڈر-19 میچ میں پاکستان کے علی رضا کی گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد بھی انہوں نے بدتمیزی کا مظاہرہ کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US