پاکستان کے معروف کرکٹ صحافی اور براڈکاسٹر قمر احمد جمعرات کو 88 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔
قمر بھائی، جیسا کہ انہیں پیار سے پکارا جاتا تھا، پاکستان کے معمر ترین کرکٹ مصنفین اور براڈکاسٹرز میں سے ایک تھے اور اپنی وفات تک پاکستان کرکٹ اور کراچی پریس کلب کی ایک جانی پہچانی شخصیت رہے۔
اکتوبر 1937ء میں حیدرآباد میں پیدا ہونے والے قمر احمد نے بطور لیفٹ آرم اسپنر 17 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ہی میچ میں محمد برادرز (حنیف، مشتاق اور صادق محمد) کو آؤٹ کرکے نام بنایا۔
کرکٹ کیریئر ختم کرنے کے بعد وہ لندن منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے صحافت اور بعد ازاں براڈکاسٹنگ کا پیشہ اختیار کیا۔ وہ دنیا بھر کا سب سے زیادہ سفر کرنے والے پاکستانی کرکٹ صحافیوں میں سے ایک تھے۔
انہیں اپنے کیریئر میں 400 سے زائد ٹیسٹ میچز، 500 ون ڈے (ODIs) اور 1975ء سے شروع ہونے والے بیشتر ورلڈ کپ کور کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔
وہ غیر شادی شدہ تھے اور پریس باکسز کا ایک مانوس چہرہ تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری چند سال کراچی میں گزارے جہاں ان کی بہن مقیم ہیں۔