ایپل مصنوعات مہنگی ہونے کا اعلان، پاکستان میں بھی آئی فونز کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

image

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد پاکستان میں بھی آئی فونز، میک بکس اور آئی پیڈز کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل کے سبکدوش ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک نے تصدیق کی ہے کہ عالمی سطح پر پرزہ جات کی بڑھتی لاگت اور میموری چپس کے بحران کے باعث کمپنی کو اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹم کک نے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ موجودہ مارکیٹ صورتحال غیر معمولی ہے اور اپنے چار دہائیوں پر محیط کیریئر کے دوران انہوں نے اس نوعیت کے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی پر مسلسل بڑھتے ہوئے اخراجات کا بوجھ منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے اثرات کو صارفین تک پہنچنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی، تاہم اب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایپل صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔

ماہرین کے مطابق ایپل کے اس فیصلے کے اثرات عالمی منڈیوں کے ساتھ پاکستانی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے، جہاں درآمدی اخراجات اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث آئی فونز، میک بکس اور دیگر ایپل مصنوعات مزید مہنگی ہوسکتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US